نئی دہلی،2اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا): کرناٹک کے وزیر توانائی ڈی شیو کمار کے گھر ہوئی چھاپہ ماری کے معاملے راجیہ سبھا میں جم کر ہنگامہ ہوا۔راجیہ سبھا میں وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا کہ جہاں پر کانگریس کے ممبر اسمبلی چھپے ہیں، وہاں پر کچھ نہیں ہوا ہے،صرف ایک وزیر کے گھر پر چھاپہ پڑا ہے، ریزورٹ پر چھاپہ نہیں پڑا۔انہوں نے کہا کہ صرف وہاں پر چھاپے نہیں پڑے ہیں، بلکہ 39جگہوں پر چھاپے پڑے ہیں۔کانگریسی لیڈر آنند شرما نے کہا کہ اس چھاپے کی ٹائمنگ اور جگہ پر سوال کھڑے کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کوئی اتفاقی نہیں ہے یہ کہ اس طرح کے چھاپے پڑے۔وہیں کانگریسی لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا کہ پہلے صرف گجرات میں خوف کا ماحول تھا، اب وہ ماحول جنوبی ریاستوں میں بھی دکھائی دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ چھاپہ ماری آج ہی کیوں ہوئی، یہ ایک بڑا سوال ہے۔غلام نبی نے کہا کہ بی جے پی ممبران اسمبلی کو 15کروڑ روپے بانٹ رہی ہے، ان پر کاروائی ہونی چاہئے۔اس طرح سے راجیہ سبھا کے انتخابات کو متاثر کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔الیکشن کمیشن کو صحیح انتخاب کروانے کی ذمہ داری لینی چاہئے۔کرناٹک میں انکم ٹیکس چھاپے کو لے کر کانگریس کے ممبران پارلیمنٹ نے لوک سبھا سے واک آؤٹ کیا۔کانگریسی لیڈر ملکاارجن کھڑگے نے کہا کہ حکومت ہند بدلے کی کارروائی کے تحت گجرات میں راجیہ سبھا الیکشن جیتنے کے لیے ایسا کر رہا ہے۔وہیں اس کے جواب میں وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا کہ کرناٹک میں انکم ٹیکس چھاپہ کا گجرات میں راجیہ سبھا انتخابات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، کئی مقامات پر یہ چھاپے چل رہے ہیں۔کھڑگے بولے کہ ہم وزیر خزانہ کے جواب سے مطمئن نہیں ہیں، یہ سیاست بغض کی وجہ سے کی جا رہی ہے،حکومت کانگریس کے ایک لیڈر کو انتخابات میں ہرانا چاہتی ہے، اس کے بعد کانگریس کے ایم پی ویل میں آگئے اور پھر انہوں نے شوروغل کے درمیان لوک سبھا سے واک آؤٹ کر دیا۔
اس کے جواب میں پارلیمانی امور کے وزیر انت کمار نے کہا کہ کانگریس جھوٹ بول رہی ہے۔ان کے گجرات کے ممبر اسمبلی کرناٹک کے ریزورٹ میں موج مستی کر رہے ہیں۔وزیر انت کمار نے کہا کہ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کو جواب دینا چاہئے۔